نئی دہلی، یکم اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کسانوں اور فوجیوں کے معاملے پر وزیر اعظم پر راہل گاندھی کے حملہ پر جوابی حملہ کرتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ کانگریس پارٹی کی حکومتوں نے کسانوں، فوجیوں کی کوئی فکر نہیں کی اور وہ گھوٹالوں کی خبروں سے بھری رہیں جبکہ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے کسانوں اور فوج کے احترام کو یقینی بنانے، اقتصادی مسائل کو حل کرنے میں فیصلہ کن اقدامات کیا ہے ۔بی جے پی کے قومی سکریٹری سری کانت شرما نے میڈیا سے کہاکہ راہل گاندھی کسانوں اور فوجیوں کے نام پر صرف سیاست کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کسانوں اور جوانوں کی فلاح وبہبود اور ترقی کے لیے موثر قدم اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی پارٹی کانگریس کے دور حکومت کے دوران گھوٹالوں کی بھرمار رہی۔اور اب اپوزیشن میں آنے کے بعد انہوں نے متعدد ٹوٹکے کئے ، کئی جلسے کئے ، لیکن عوام کی توجہ اپنی جانب نہیں مبذول کراپائے۔راہل گاندھی اور ان کی پارٹی نے کسانوں کے لیے کچھ بھی نہیں کیا اور اس کی وجہ سے آزادی کے اتنے سال گزر جانے کے بعد بھی کسان خستہ حال ہے۔بی جے پی لیڈر نے دعوی کیا کہ آج سرحد پر فوجیوں کو مکمل آزادی دی گئی ہے جبکہ کانگریس کی حکومت کے دوران فوج کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔فوجی کے ہاتھ بندھے ہوئے ہونے کی وجہ سے مجبور تھے۔مودی حکومت نے کسانوں اور فوجیوں کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اقدامات کئے ہیں جس کا نتیجہ دکھائی دے رہا ہے۔مودی حکومت نے فوجیوں کے لیے ون رینک، و ن پنشن پیش منصوبہ شروع کیا جو جوانوں کے مفاد میں ایک اہم پہل ہے۔